سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار بحالی کا آغاز اندرون ملک سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ہو گا۔ عمرہ اور زیارت کے خواہشند افراد ’اعتمرنا‘ ایپلی کیشن سے اجازت نامہ حاصل کریں گے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’اعتمرنا ایپلی کیشن 10 صفر بمطابق 27 ستمبر سے لا نچ کی جائے گی اور موبائل صارفین اسے ڈاؤن کر سکیں گے‘۔ ’ایپلی کیشن کے ذریعہ عمرہ یا مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار یہ ہو گا کہ سب سے پہلے خود کو شناختی کارڈ یا اقامہ نمبر کے ذریعہ رجسٹر کرنا ہو گا‘۔ ’ایپلی کیشن میں تین آپشن دیئے جائیں گے، عمرے کی ادائیگی، حرم میں نماز یا مسجد نبوی شریف کے روضہ اطہر میں نماز کی ادائیگی، ان میں سے کسی آپشن پر کلک کرنا ہو گا‘۔
’بعد ازاں دستیابی کو دیکھتے ہوئے صارف کو دن اور وقت کا آپشن دیا جائے گا جسے پسند کرنے کے بعد طے شدہ دن اور وقت پر صارف کو مکہ مکرمہ میں قائم کیے جانے والے مراکز میں جمع ہونا ہو گا‘۔ ’ان مراکز کی تفصیل اور مقامات بعد ازاں جاری کی جائیں گے۔ یہاں پہنچ کر موجود اہلکار کو اپنا اجازت نامہ دکھانا ہو گا‘۔ ’حفاظتی واحتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اور ہدایات کی پابندی کے ساتھ عمرہ ادا کرنا ہو گا‘۔ ’عمرہ کی ادائیگی کے بعد دوبارہ اسی مرکز کی طرف واپس آنا ہو گا‘۔ وزارت نے کہا ہے کہ ’صارف عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں قیام کرنا چاہے تو اسے اختیار ہو گا البتہ حرم میں نماز کی ادائیگی کے لیے اسے اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا‘۔ ’حرم مکی شریف کے حوالے سے یہ ضابطہ مکہ مکرمہ کے رہائشیوں پر لاگو ہو گا۔ وہ اگر حرم میں نماز ادا کرنا چاہیں تو انہیں اس کے لیے اجازت نامہ لینا ہو گا‘۔
0 Comments