انسان ناشکرا اور بے اعتبار کیوں ہے؟

Islam

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Ads by Muslim Ad Network

انسان ناشکرا اور بے اعتبار کیوں ہے؟

اللہ اور انسان کا رشتہ بہت ہی خو بصورت اور مضبوط ہے۔ اللہ نے انسان کے لیے خوبصورت زمین بنائی اور پھر اس زمین کو مختلف نعمتوں سے سجا دیا تاکہ انسان کےلیے زند گی گزرانا آسان ہو سکے۔ مگر اس سب کے ساتھ یہ بھی سچ ہے کہ جب سے انسان کا وجود عمل میں آیا ہے، تب سے ہی انسان اللہ کا نافرمان رہا ہے۔ انسان اللہ کے وجود کو تو مانتا ہے، مگر اللہ کے احکامات نہیں مانتا۔ اس نافرمانی کی ابتدا حضرت آدم علیہ السلام نے کی اور اسی وجہ سے ان کو جنت سے نکال دیا گیا۔ ہم اللہ کی نہیں مانتے، اس لیے تو ہماری زندگی الجھنوں کا شکار رہتی ہے اور ہم اس کو سنبھالنے میں ناکام رہتے ہیں۔ ہماری زندگی کی ہر رہنمائی کےلیے اللہ نے قرآن اتارا۔ اللہ نے انسان پر دہری ذمے داری ڈال کر بھیجی۔ ایک طرف تو اس کو دنیا کو لے کر چلنا ہے اور دوسری طرف آخرت کےلیے بھی خود کو تیار کرنا ہے۔ اس لیے قرآن میں دنیا اور آخرت دونوں کی بات کی گئی ہے تاکہ انسان کے دل میں دونوں کے لیے رغبت پیدا ہو سکے۔

اسی طرح قرآن میں اللہ نے انسان سے کچھ وعدے بھی کئے اور واضح کر دیا کہ ’’بے شک اللہ اپنے وعدے کے خلاف نہیں کرتا‘‘۔ قرآن میں اللہ انسان سے براہ راست مخاطب ہوتا ہے۔ سورۃ النسا میں ہے کہ ’’اے لوگو تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے دلیل آچکی ہے اور ہم نے تمہاری طرف ایک ظاہر روشنی اتاری ہے‘‘۔ مطلب کہ قرآن کریم کو ہماری اندھیری زندگی میں روشنی بنا کر بھیجا، مگر افسوس ہم اس روشنی سے غافل رہتے ہیں۔ اللہ نے پوری زندگی کی رہنمائی قرآن میں بیان کر دی، مگر افسوس ہم سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ اور اسی غفلت نے ہماری زندگی کو مشکل ترین بنا دیا ہے۔ اللہ فرماتا ہے کہ وہ انسان سے 70 ماؤں جتنا پیار کرتا ہے۔ وہ انسان کی شہ رگ سے بھی قریب ہے۔ مگر پھر بھی انسان کو جب بھی مشکل درپیش ہوتی ہے یا غم کا سامنا ہوتا ہے تو وہ غیروں کے پاس جاتا ہے۔ وہ اس پر یقین نہیں رکھتا جو فرماتا ہے کہ نااُمید نہ ہو، کمزور نہ بنو، مایوس نہ ہو، رنجیدہ نہ ہو۔ مگر جیسے ہی انسان زندگی میں مشکلات کی دلدل میں پھنستا ہے تو وہ اتنا ہی اللہ سے دور ہوتا جاتا ہے۔ اور وہ اس دوری میں اس حد تک آگے بڑھ جاتا ہے کہ اپنی زندگی تک کا خاتمہ کر لیتا ہے۔

ہم کیوں بھول جاتے ہیں کہ وہ سنتا ہے، وہ دیکھ رہا ہے۔ اسی حوالے سے اللہ نے قرآن میں وعدہ کیا کہ مجھے پکارو میں تمہاری پکار کا جواب دوں گا۔ مگر خود سے پوچھیں کہ کتنی بار مشکل میں پڑنے کے بعد آپ نے اللہ کے اس وعدے پر یقین کرتے ہوئے اس کو پکارا تھا۔ ہم دنیا کے وسیلوں پر آنکھیں بند کر کے یقین کر لیتے ہیں مگر اپنے رب کے وعدے کو فراموش کر دیتے ہیں۔ اللہ نے زند گی کے مختلف رنگ بنا دیے اور انہی رنگوں میں اپنی ذات کو بھی چھپا دیا۔ جب خوشی ملے تو وہ شکر سے سر جھکنے کو پسند کرتا ہے اور جب مشکل پڑجائے تو صبر کرنے پر خوش ہوتا ہے۔ اللہ نے زندگی میں غم، مشکل ، ناکامی، اس لیے پیدا کیے تاکہ انسان اللہ کی طرف پلٹ سکے اور جان سکے کہ جو بھی مشکل آئی ہے اس کو صرف وہی دور کر سکتا ہے۔ اسی لیے تو اللہ نے وعدہ کیا کہ شکر ادا کرو گے تو مزید دوں گا۔ اسے شکر پسند ہے، کیونکہ شکر اور صبر ہی انسان کو بڑی سے بڑی مشکل برداشت کرنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔ 

اسی طرح انسان کو اشرف المخلوقات تو بنایا مگر بے بس ہی رکھا۔ اس نے رزق، موت جیسے بڑے معاملات اپنے ہاتھ میں رکھے، تاکہ انسان اس کے علاوہ کسی پر انحصار نہ کر سکے۔ مگر انسان بھی عجیب فطرت رکھتا ہے۔ جب اس کو طاقت ملتی ہے تو یہ سرکش بن جاتا ہے اور جب آزمائش میں ڈالا جاتا ہے تو مایوس ہو جاتا ہے۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ آج کل ہم میں نااتفاقی بڑھتی جارہی ہے۔ اسی لیے تو مسلم اُمہ دنیا بھر میں مسائل کا شکار ہو رہی ہے۔ باہمی اتفاق کے حوالے سے سورۃ آل عمران میں اللہ پاک نے فرمایا ’’تم سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ مت ڈالو‘‘۔ مگر آج مسلم اُمہ عربی عجمی، ذات پات، فرقہ بازی میں پھنس کر رہ چکی ہے۔ اس تقسیم کی وجہ سے کشمیر، فلسطین کے مسلمان مشکل ترین زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ سچ ہے کہ جب تک ہم متحد نہیں ہوں گے اور اللہ کے وعدوں پر یقین نہیں کریں گے، تب تک اس دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل نہیں کرپائیں گے۔

ندا ڈھلوں  

Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

Post a Comment

0 Comments