مولانا محمد مکی حجازی : بیت اللہ کے سائے تلے ایک ولی اللہ سے ملاقات

Islam

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Ads by Muslim Ad Network

مولانا محمد مکی حجازی : بیت اللہ کے سائے تلے ایک ولی اللہ سے ملاقات

ہم حج پر آئے ہوئے ہیں۔ یہاں پر علماء، مشائخ، اولیاء اللہ اور بزرگانِ دین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حرمِ مکی کے معروف مدرّس سے ملاقات ہوئی۔ حرم مکی میں گزشتہ ساڑھے چودہ سو سال سے علمائے اسلام کے قرآن وحدیث اور فقہ وفنون کے حلقہ ہائے درس ایک شاندار روایت بن چکے ہیں۔ تاریخِ اسلامی نے بڑے اہتمام سے ان مشاہیر واعلام کا تذکرہ محفوظ رکھا ہے جن کو بیت اللہ کے جوار میں حطیم، مقام ابراہیم اور حجر اسود جیسے متبرک و مقدس شعائر کے سامنے قال اللہ اور قال الرسول کی سعادت ملی ہے۔ آج کا فضل ہے کہ یہ درس کے حلقے آج بھی قائم دائم ہیں۔ 

گزشتہ چار عشروں سے قائم اس حلقے نے ایک پوری دینی جامعہ کا کردار ادا کیا ہے۔ شاید ہی کسی اسلامی یونیورسٹی سے مسلمانوں کی اتنی بڑی تعداد کو فیض پہنچا ہو جتنا اس حلقے سے پہنچا۔ لاکھوں مسلمانوں نے توحید کے مفہوم کو سمجھا، اتباعِ سنت کی اہمیت جانی، عقائد درست ہوئے، اعمال و اخلاق کی اصلاح ہوئی، بزرگانِ دین اور سلف صالحین کی مبارک محنتوں اور پاکیزہ سیرتوں سے آگاہی ہوئی۔ غرض ہر پہلو اور ہر جہت سے مسلمانوں پر جس قدر محنت اسی حلقہ درس میں ہوئی اس کے اثرات آج پورے عالم اسلام پر محسوس کئے جا سکتے ہیں۔ اس مبارک حلقہ کے مسند نشین حضرت مولانا محمد مکی حجازی ہیں جو گزشتہ چار دہائیوں سے مدرسِ حرم ہیں۔

ان سے عالمی اور ملکی صورت حال پر گفتگو کی۔ اس گفتگو کا خلاصہ کچھ یوں ہے۔ دورانِ گفتگو ان سے پوچھا گیا کہ آپ 44 سال سے حرمِ مکی میں درس دے رہے ہیں، اسلامی اور عرب دنیا میں کیا تبدیلیاں محسوس کرتے ہیں؟ مولانا محمد مکی حجازی نے کہا کہ آج کل جتنی بھی طاغوتی قوتیں ہیں، جتنے بھی فتن ہیں، یہود و نصاریٰ کی سازشیں ہیں، ان کے باوجود اللہ کا شکر ہے کہ اسلام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ پہلے تو اتنے حجاج بھی نہیں آتے تھے جتنے آج کل عمرہ زائرین آتے ہیں جن کی تعداد 40 لاکھ تک ہوتی ہے۔ یہ دلیل ہے کہ اسلام کی محبت اور شعائر اسلام کی محبت دشمن طاقتوں کے زور لگانے کے باوجود بڑھ رہی ہے، کم نہیں ہو رہی۔

ان سے مزید پوچھا گیا کہ عالم اسلام کے مسلکی اختلافات میں کمی کے لئے حرمین شریفین سے کیا پیغام دیا جاتا ہے اور علمائے حرم کا کردار کتنا موثر ہے؟ انہوں نے بتایا کہ یہاں حرم مکی سے رابطہ عالم اسلامی اور ریاسۃ الحرمین شریفین کے ذریعے پوری دنیا میں ائمہ جا کر خطاب بھی فرماتے ہیں۔ یہاں حرم کے ہر ہر کونے میں علما درس بھی دیتے ہیں۔ ان کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں بھی چاروں ائمہ کی فقہ پڑھی اور پڑھائی جاتی ہے۔ یہ سب علما ببانگ دہل یہ بات کہتے ہیں کہ ہم ان ائمہ اربعہ کے دائرے سے باہر نہیں ہیں، بلکہ فقہی مسائل میں وہ امام احمد بن حنبلؒ کی تقلید کرتے ہیں۔ 

طباعتِ قرآن اور مصحف کے چھاپنے کے سلسلے میں بھی سعودی عرب کا بڑا کردار ہے۔ قرآن پاک کا تیرہ زبانوں میں ترجمہ کر کے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں نسخے حجاج کرام میں تقسیم بھی ہوتے ہیں، اس کا پوری دنیا میں بہت ہی اچھا اَثر پڑ رہا ہے۔ حرمین شریفین کے تحفظ کو لاحق خطرات کے مقابلے کے لئے اسلامی دنیا کو کیا کردار ادا کرنا چاہئے؟ اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ حرمین شریفین کا تقدس اور حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ حرمین شریفین تمام عالمِ ایمان کے لئے ہے۔ اس لئے کہ اللہ تعالیٰ نے ابتدا بھی یہیں سے فرمائی ہے ترجمہ : ہم نے لوگوں کے لئے یہ گھر بنایا ہے۔ کسی خاص قبیلے یا قوم کے لئے نہیں بنایا ہے تو تمام عالمِ اسلام کے مسلمانوں پر یہ فرض ہے کہ اس کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی جانی و مالی قربانی دینے سے دریغ نہ کرے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ مرکزِ اسلام میں بیٹھ کر عالمِ اسلام کے موجودہ مسائل کی جڑ اور اس کا حل کس چیز کو سمجھتے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ہم اس کا حل یہی سمجھتے ہیں کہ مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم کی طرف توجہ دلائی جائے۔

تعلیم میں بھی زیادہ سے زیادہ قرآن و سنت کی تعلیم اور اس کی ترویج اور اس کے تراجم اور اشاعت کی پوری پوری کوشش کی جائے، کیونکہ امت کی اصلاح اسی طرح ہو گی جس طرح پہلی امت کی اصلاح ہوئی۔ ترجمہ: جب تک ہم قرآن و سنت کی طرف نہیں لوٹیں گے اور اس کا دامن نہیں پکڑیں گے، اس وقت تک ہماری اصلاح نہیں ہو سکتی۔ ہم نے ان سے پوچھا کہ حجاج کرام کی بہت بڑی تعداد حج پر آرہی ہے ان میں نوجوان نسل بھی شامل ہے۔ حجاج کرام کون سی اغلاط سب سے زیادہ کرتے ہیں جن کی آپ نشاندہی کرنا چاہیں گے؟ انہوں نے بتایا کہ ہمارے حجاج کرام کی کوئی تربیت نہیں کی جاتی، ورنہ اگر ہر ملک کے علما حج پر آنے سے پہلے ہفتے میں صرف ایک دن اپنی مسجدوں میں حج پر جانے والوں کو بلا لیں اور ان کو حج و عمرے کے مسائل سمجھا دیں تو وہ غلطیاں نہیں کریں گے۔ 

یہاں تو ایسے لوگ بھی آتے ہیں کہ ان کو پتا ہی نہیں ہوتا کہ طواف کیا ہے؟ صفا مروہ کیا ہے؟ میقات کیا ہے؟ رمل کیا ہے؟ یہ ضروری ہے کہ سرکاری کمیٹیوں کے علاوہ علما ذاتی کمیٹیاں بنائیں۔ مسلمانوں میں دن بہ دن بڑھتا ہوا زوال، پستی اور انتشار کی تشویش کا اظہار کیا تو مولانا محمد مکی حجازی نے کہا کہ اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم قرآن و سنت سے ہٹ رہے ہیں… وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہوکر… اور ہم خوار ہیں آج صاحبِ قرآں ہو کر… جب سے ہم نے دین چھوڑ دیا ہے ذلیل ہو گئے ہیں۔ اللہ ہم مسلمانوں کو پھر سے دین سے رشتہ جوڑنے کی توفیق دے۔

پاکستان کی نومنتخب حکومت کے لئے کیا کہیں گے؟ لوگ بڑی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں کہ تبدیلی آرہی ہے۔ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری ان کو بھی یہی نصیحت ہے کہ وہ پہلے اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے تابع ڈھالیں اور اس کے بعد قرآن و سنت کے تمام احکامات کو ترجیح دیں۔ دین کے تمام مسائل کو ترجیح دیں اور دنیا کو دوسرے نمبر پر رکھیں۔ اگر انہوں نے دنیا کو دین کے تابع کر دیا تو دنیا بھی بن جائے گی اور دین بھی بن جائے گا، لیکن اگر دین کو دنیا کے تابع کر دیا، سیاست کے معنی یہ نہیں ہے کہ آدمی دین ہی کو چھوڑ دے… جدا ہو دین سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی… اصل سیاست تو دین ہے۔ انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام نے جو طریق اور معاشرت و سبق سکھائے، اب بھی یہی کوشش کریں عدل کے نظام کو نافذ کرنے کے لئے ہر ممکن سعی و جدوجہد کریں۔
اللہ تبارک وتعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔ پاکستان کے لئے ان کے نیک جذبات ہیں۔ مسلمانوں میں اجتماعیت عطا فرمائے، مسلمانوں کی پستی کا بنیادی سبب انتشار ہی ہے، اگر عالم اسلام کے مسلمان متفق ہو جائیں تو ناقابلِ تسخیر ہیں۔

انور غازی
 

Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

Post a Comment

0 Comments