آب زمزم کے متعلق اہم اعداد و شمار

Islam

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Ads by Muslim Ad Network

آب زمزم کے متعلق اہم اعداد و شمار

حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے "زمزم : آب مبارک" کے نام سے ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے۔ فلم میں کنوئیں سے آب زمزم کے نکلنے اور اس کے بعد مختلف مقامات تک پہنچنے کے مراحل کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ زمزم کا کنواں مسجد حرام کے اندر مطاف کے صحن میں بیت اللہ سے 21 میٹر کے فاصلے پر زیر زمین واقع ہے۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق فلم میں بتایا گیا ہے کہ زمزم کے کنوئیں سے باہر آنے والے میٹھے پانی کی اوسط رفتار کم از کم 11 لیٹر فی سیکنڈ اور زیادہ سے زیادہ 18.5 لیٹر فی سیکنڈ ہے۔ زمزم کے کنوئیں کی گہرائی صرف 31 میٹر ہے۔ کنوئیں سے پانی کھینچنے کے لیے دو بھاری پمپوں کا سہارا لیا جاتا ہے جو شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ پانی کو کھینچ کر خود کار طریقے سے خصوصی پائپ لائنوں کے ذریعے "کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز پروجیکٹ" بھیجا جاتا ہے۔ یہ پروجیکٹ مکہ مکرمہ کے علاقے کدی میں واقع ہے۔

دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ آب زمزم کو خصوصی ٹینکروں کے ذریعے مدینہ منورہ بھیجا جاتا ہے۔ ان ٹینکروں میں موجود پانی اس طریقے سے مقفّل کیا جاتا ہے کہ وہ مسجد نبوی میں متعلقہ اہل کار ہی کھول سکتا ہے۔ عام دنوں میں روزانہ اوسطا 1.5 لاکھ لیٹر زمزم مدینہ منورہ بھیجا جاتا ہے جب کہ رمضان اور حج کے سیزن میں یہ مقدار روزانہ 4 لاکھ لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔ آب زمزم کو جراثیم سے پاک کولروں میں بھر کر مسجد حرام اور مسجد نبوی پہنچایا جاتا ہے۔ اس کے بعد برقی گاڑیوں کے ذریعے ان کولروں کو حرمین میں متعین مختلف مقامات تک پہنچایا جاتا ہے۔ کولروں کی مجموعی تعداد 40 ہزار کے قریب ہے جن میں پینے کے لیے ٹھنڈا اور سادہ دونوں حالتوں میں آب دستیاب ہوتا ہے۔ کولروں کے ساتھ پلاسٹک کے Disposable گلاس رکھے جاتے ہیں جن کا یومیہ استعمال 20 لاکھ کے قریب ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مسجد حرام میں آب زمزم کا یومیہ استعمال 7 لاکھ لیٹر کے قریب ہے جب کہ رمضان اور حج کے سیزن میں یہ مقدار یومیہ 20 لاکھ لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔ حرمین کے امور کی پریذیڈنسی آب زمزم کے تحفظ اور اسے کسی بھی قسم کے جراثیم اور آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔ اس سلسلے میں 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات سے زمزم کے پانی کے یومیہ 100 نمونے لے کر ان کو اس مقصد کے لیے بنائی گئی خصوصی لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ سال 2010ء میں King Abdullah bin Abdualziz Zamzam Water Project کا قیام عمل میں آیا۔ مکہ مکرمہ کے علاقے کدی میں واقع اس منصوبے کا مقصد آب زمزم کو سہل ترین طریقوں سے لوگوں تک پہنچانا ہے۔ اس کے علاوہ آب زمزم کے تحفظ اور اسے آلودگی وغیرہ سے پاک رکھنا ہے۔ یہ منصوبہ آب زمزم کو ذخیرہ کرنے کے لیے مرکزی خود کار ویئر ہاؤس پر مشتمل ہے۔ اس کے ذریعے روزانہ آب زمزم کے 10 لیٹر والے 15 لاکھ کین تقسیم کیے جاتے ہیں۔

بشکریہ العربیہ نیٹ
 

Post a Comment

0 Comments