سعودی عرب میں قصیم یونیورسٹی میں موسمیاتی امور کے سابق پروفیسر اور ماحولیات و موسمیات کی سعودی سوسائٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبداللہ المسند نے کہا ہے کہ ’موسم سرما میں مکہ مکرمہ ریجن متعدد جغرافیائی اور موسمی اسباب کی وجہ سے گرم رہتا ہے۔‘ اپنے ایکس اکاؤنٹ پر انہوں نے کہا کہ ’حجاز کے پہاڑ، مکہ مکرمہ ریجن میں سردی کے موسم کے دوران گرم رہنے کی بڑی وجہ ہیں۔‘ ’حجاز کے پہاڑ شمالی اور وسطی علاقوں سے آنے والی سرد ہواؤں کو مکہ مکرمہ ریجن پہنچنے سے روک دیتے ہیں۔ مکہ مکرمہ کا علاقہ سطح سمندر سے صرف 300 میٹر اونچا ہے۔‘ علاوہ ازیں یہ علاقہ کسی حد تک جنوب میں واقع ہے اور شمالی علاقہ جات کی ٹھنڈی ہواؤں کے اثرات سے دور ہے۔ عبداللہ المسند نے مزید بتایا کہ ’مکہ مکرمہ ریجن میں گرمی کا ایک اہم سبب بحیرہ احمر سے اس کی قربت ہے۔‘ ’شام کے وقت بحیرہ احمر کے ساحلوں پر گرمی ہوتی ہے اور بحیرہ احمر کے قریبی علاقے سمندری ہواؤں کی وجہ سے گرم ہو جاتے ہیں۔‘
0 Comments