اللہ رب العزت کا ارشادگرامی ہے :’’اے میرے حبیب میرے ان بندوں سے فرمادیجئے جو ایمان لے آئے ہیں کہ وہ نماز کو (پورے حقوق سے)اداء کریں اورہم نے انھیں جو رزق دیا ہے اس میں سے (خیرات پر )خرچ کریں، پوشیدہ طور پر بھی اورعلانیہ بھی، اس سے پہلے کہ وہ دن آجائے جس دن نہ کوئی خرید وفروخت ہوگی، اورنہ (باطل ) دوستی ہوگی ‘‘ ۔ ابراہیم۳۱
حضرت سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن کا گورنر بناکر بھیجا تو ارشادفرمایا:(اے معاذ) بے شک یمن کی سرزمین میں تمہاری ملاقات اہل کتاب کی ایک قوم سے ہوگی جب تم انکے پاس پہنچوتو انھیں یہ دعوت دو کہ وہ گواہی دیں کہ اللہ کے سواء کوئی معبود نہیں اورمحمد (صلی اللہ علیہ وسلم )اللہ کے رسول ہیں ، اگر وہ تمہاری بات کو تسلیم کرلیں اور یہ گواہی دینے لگیں توانہیں یہ بتائو کہ اللہ تعالیٰ نے ان پر دن اور رات میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں ۔ اگر وہ تمہاری یہ بات مان لیں اورنماز پڑھنا شروع کردیں تو انہیں بتائو کہ اللہ رب العزت نے ان پر زکوٰۃ فرض کی ہے ، جو تمہارے اصحاب ثروت سے لی جائیگی اور تمہارے ہی فقراء میں تقسیم کردی جائیگی اگر وہ تیسری یہ بات بھی مان لیں اورزکوٰۃ دینے پر تیار ہوجائیں تو یادرکھنا زکوٰۃ لیتے وقت چھانٹ چھانٹ کر، انکے عمدہ اورنفیس اموال نہ لے لینا اورمظلوم کی دعائے قہر سے بچتے رہنا کیونکہ اسکے اور اللہ رب ذوالجلال کے درمیان کوئی حجاب نہیں ہوتا۔
ترمذی، ابودائود ، ابن ماجہ، نسائی ، دارمی، ابن خذیمہ
حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان احادیث میں سے جو وہ اللہ تبارک سے روایت کرتے ہیں (یعنی حدیث قدسی)میں فرمایا:اللہ رب العزت ارشاد فرماتا ہے ، اے میرے بندو! تم تمام بھوکے ہو ، سوائے اسکے جسے میں کھلا دوں پس مجھ سے کھانا طلب کرو میں تمہیں کھلائوں گا۔اے میرے بندو! تم تمام بے لباس ہو، سوائے اس کے ، جسے میں لباس پہنادوں پس تم مجھ سے لباس کا سوال کرومیں تمہیں لباس عطاکردوں۔ مسلم، ترمذی، ابن ماجہ ، مستدرک ، مشکوٰۃ
حضرت حارثہ بن وہب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور رحمۃ للعالمین علیہ والصلوٰۃ والتسلیم نے ارشادفرمایا: صدقہ کرو، کیونکہ تم پرایک زمانہ ایسا بھی آنیوالا ہے کہ آدمی صدقہ لے کر نکلے گا لیکن کسی کونہ پائے گا جو اسے قبول کرے (بلکہ )کوئی شخص (یوں)کہے گا، اگر تم کل لیکر آتے تو میں اسے (ضرور)قبول کرلیتا لیکن آج مجھے اس کی کوئی حاجت نہیں ہے۔(بخاری ، مسلم، نسائی، مسند امام احمد بن حنبل
0 Comments