یاجوج ماجوج

Islam

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Ads by Muslim Ad Network

یاجوج ماجوج

قرآن حکیم میں یاجوج ماجوج قوم کا ذکر دو مقامات پر آیا ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے ترجمہ ’’پھر اس نے (ایک مہم کا ) سامان کیا یہاں تک کہ جب دو پہاڑوں کے درمیان پہنچا تو اسے ان کے پاس ایک قوم ملی جو مشکل ہی سے کوئی بات سمجھتی تھی۔ ان لوگوں نے کہا کہ اے ذوالقرنین! یاجوج اور ماجوج اس سرزمین میں فساد پھیلاتے ہیں تو کیا ہم تجھے کوئی خرچ کا انتظام اس کام کے لیے کر دیں، تو ہمارے اور ان کے درمیان ایک دیوار تعمیر کر دے۔ اس نے کہا جو کچھ میرے رب نے مجھے دے رکھا ہے وہ بہت ہے تم بس محنت سے میری مدد کرو میں تمہارے اور ان کے درمیان دیوار بنائے دیتا ہوں مجھے لوہے کی چادریں لا کر دو۔ آخر جب دونوں پہاڑی خلا کو اس نے پاٹ دیا تو لوگوں سے کہا کہ اب آگ دہکاؤ، حتیٰ کہ جب آہنی دیوار بالکل سرخ ہو گئی تو اُس نے کہا لاؤ اب میں اس پر پگھلا ہوا تانبہ انڈیلوں گا یاجوج ماجوج اس پر چڑھ کر بھی نہیں آسکتے تھے اور نہ یہ طاقت رہی کہ اس میں وہ نقب لگا سکیں۔ ان کے لیے اور بھی مشکل تھا۔ 

ذوالقرنین نے کہا یہ میرے رب کی رحمت ہے مگر جب میرے رب کے وعدے کا وقت آئے گا تو وہ اس کو پیوند خاک کر دے گا اور میرے رب کا وعدہ برحق ہے۔ (سورۂ کہف آیات 94تا98) مفسرین کرام ان آیات کی تفسیر لکھتے ہوئے فرماتے ہیں کہ یہ بات تاریخی اور مذہبی اعتبار سے متفقہ طور پر تسلیم شدہ ہے کہ اس قوم کی تاریخ نہایت قدیم ہے۔ تاریخ داں لکھتے ہیں کہ یاجوج اور ماجوج سے مراد روس اور شمالی چین کے وہ قبائل ہیں جو تاتاری، منگول، ہُن اور سیتھین وغیرہ کے ناموں سے مشہور ہیں اور زمانہ قدیم ہی سے متمدن ممالک پر حملے کرتے چلے آرہے ہیں۔ ان کے حملوں سے بچنے کے لیے قفقاز کے جنوبی علاقے میں دربند اور داریال کے استحکامات تعمیر کیے گئے تھے۔ ایک حدیث کے مطابق حضرت نوحؑ کے تین بیٹے تھے سام، حام، یافث سام کی نسل سے تمام عرب ہیں جب کہ حام کی نسل سے کُل حبشی ہیں اور یافث کی نسل سے ترک قوم ہے (مسند احمد) بعض علماء کا قول ہے کہ یاجوج ماجوج ترکوں کے اس جد اعلیٰ یافث ہی کی اولاد ہیں اور ترکوں کو ترک اس لیے کہا جاتا ہے کہ انہیں بوجہ ان کے فساد اور شرارت کے انسانوں کی اور آبادی کے پس پشت پہاڑوں کی آڑ میں چھوڑ دیا گیا۔ امام ابن جریر نے ذوالقرنین کے سفر سے متعلق اور اس دیوار کے بنانے اور اس قوم کے اجسام اور اشکال کے بارے میں نہایت حیرت انگیز باتیں لکھی ہیں جن کی صحت ہنوز تحقیق طلب ہیں۔

بائبل کی کتاب پیدائش میں اس قوم کے بارے میں یہ لکھا ہے نوح کے بیٹوں سم (سام) حام اور یافث کی اولاد یہ ہیں۔ یہ بیٹے طوفان نوح کے بعد پیدا ہوئے بنویافث یہ ہیں جمر ماجوج اور ماوی اور یاوان اور توبل اور مسک اور تیراس (پیدائش باب 10 آیات 2۔1) مسلمان موُرخ بھی اس قوم کا یہی شجرہ بتاتے ہیں۔ اسی کتاب میں حزقی ایل کا ایک صحیفہ ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’اور خداوند کا کلام مجھ پر نازل ہوا کہ اے آدم زاد جوج کی طرف جو ماجوج کی سرزمین کا ہے اور روشن اور مسک اور توبل کا فرماں روا ہے متوجہ ہو اور اس کے خلاف نبوت کر۔‘‘ (حزقی ایل باب 38 آیات 3۔1) بائیبل کی تحریر کے مطابق ان کی سکونت کا علاقہ موجودہ جغرافیائی تقسیم کے اعتبار سے روس اور توبل حالیہ تو بالسک اور مسک حالیہ ماسکو بتایا گیا ہے۔ ایک اسرائیلی مؤرخ یو سیفورس ان سے مراد سیتھٔین قوم لیتا ہے جس کا علاقہ بحراسود کے شمال اور مشرق میں واقع تھا جیروم کے مطابق ماجوج کاکیشیا شمال میں بحر خزر کے قریب آباد تھے۔

تفہیم القرآن کے مفسر مولانا سیدابوالاعلیٰ مودودی رقم طراز ہیں کہ ذوالقرنین کی تعمیر کردہ دیوار کے متعلق بعض لوگوں میں یہ غلط خیال پایا جاتا ہے کہ اس سے مراد مشہود دیوارچین ہے جب کہ یہ دیوار قفقاز کے علاقے داغستان میں دربند اور داریال کے درمیان بنائی گئی تھی۔ قفقاز اس ملک کو کہتے ہیں جو بحیرۂ اسود سے اور بحیرۂ خزر کے درمیان واقع ہے اس ملک میں بحیرۂ اسود سے داریال تک تو نہایت بلند پہاڑ ہیں اور ان کے درمیان اتنے تنگ درے ہیں کہ ان سے کوئی بڑی فوج حملہ اور نہیں ہو سکتی اور نہ ہی تنگی کے باعث وہ اس مقام سے گزر سکتی ہے۔ البتہ دربند اور داریال کے درمیان جو علاقہ ہے اس میں پہاڑ بھی زیادہ بلند نہیں ہیں اور ان میں کو ہستانی راستے بھی خاصے وسیع ہیں۔ قدیم زمانے میں شمال کی وحشی قومیں اسی طرف سے جنوب کی جانب غارت گرانہ حملے کیا کرتی تھیں اور ایرانی فرماںرواؤں کو اسی طرف سے اپنی مملکت پر شمالی حملوں کا خطرہ لاحق رہتا تھا۔ چناںچہ انہی حملوں کو روکنے کے لیے ایک نہایت مضبوط دیوار تعمیر کی گئی جو پچاس گز لمبی انتیس فٹ بلند اور دس فٹ چوڑی تھی مسلمان مؤرخین اور جغرافیہ داں اسی کو سد ذوالقرنین قرار دیتے ہیں اور اس کی تعمیر کی جو کیفیت قرآن حکیم میں بیان کی گئی ہے اس کے آثار آج بھی اس علاقے میں پائے جاتے ہیں جو قرآن حکیم کی صداقت کا ایک منہ بولتا ثبوت ہے۔

ابن جریر اور ابن کثیر نے اپنی تاریخ میں اس واقعے کا ذکر کیا ہے اور یا قوت نے بھی معجم البلدان میں اس کا حوالہ دیا ہے کہ ’’حضرت عمرؓ نے آزربائجان کی فتح کے بعد 22؁ھ میں سراقہ بن عمرو کو باب ابواب دربند کی مہم پر روانہ کیا اور سراقہ نے عبدالرحمٰن بن ربیعہ کو اپنے مقدمتہ الجیش کا افسر بنا کر آگے بھیجا عبدالرحمٰن جب آرمینیا کے علاقے میں داخل ہوئے تو وہاں کے فرماں روا شہر براز نے جنگ کے بغیر اطاعت قبول کر لی۔ اس کے بعد انہوں نے باب الابواب کی جانب پیش قدمی کا ارادہ کیا۔ اس موقع پر شہر براز نے ان سے کہا کہ میں نے اپنے ایک آدمی کو سد ذوالقرنین کا مشاہدہ کرنے کے لیے اور وہاں کے حالات معلوم کرنے کے لیے بھیجا تھا۔ وہ آپ کو تفصیلات سے آگاہ کر سکتا ہے۔ چناںچہ اس نے عبدالرحمٰن کے سامنے اس شخص کو پیش کر دیا۔‘‘ تفصیل کے لیے دیکھیے طبرانی جلد 3 صفحات 235 تا 239 اور البدایہ والنہایہ جلد 7 صفحات 122 تا 125 معجم البدان ذکرباب الابواب۔

اس واقعے کے دو سو برس بعد عباسی خلیفہ واثق 227؁ھ تا232؁ھ نے اس دیوار کا مشاہدہ کرنے کے لیے پچاس افراد کی ایک جمعیت اسلام الترجمان کی قیادت میں روانہ کی۔ محولہ بالا روایات سے اس بات کی تصدیق ہو رہی ہے کہ تیسری صدی ہجری میں بھی مسلمان قفقاز کی اس دیوار کو ہی سد ذوالقرنین سمجھتے تھے۔ اس دیوار کے سلسلے میں دو اور تاریخی حوالوں کا ذکر برمحل معلوم ہوتا ہے۔ ایک مقام پر لکھا ہے کہ یہ ترکوں کا علاقہ ہے جو سد ذوالقرنین کے قریب باب الابواب کے پیچھے واقع ہے جسے در بند بھی کہتے ہیں۔ خلیفہ المقتدر بااللہ کے سفیر احمد بن فضلان نے بھی اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ خزر ایک مملکت کا نام ہے جس کا صدر مقام اِتل ہے۔ دریائے اِتل اس شہر کے درمیان سے گزرتا ہے اور یہ دریا روس اور بلغار سے آکر بحرخزر یعنی بحر کیسپین میں گرتا ہے۔ بلاد کفر سے بلاد مسلمین کی طرف آنے والوں کے لیے یہ راستہ انتہائی دشوار گزار ہے۔ ایک زمانے میں یہ نوشیرواں کی مملکت میں شامل تھا اور شاہان ایران اس سرحد کی حفاظت کو غایت درجہ اہمیت دیتے تھے۔

قرآن حکیم میں دوسرے مقام پر یاجوج و ماجوج کے بارے میں ارشاد فرمایا گیا ترجمہ ’’اور ممکن نہیں ہے کہ جس بستی کو ہم نے ہلاک کر دیا ہو وہ پھر پلٹ سکے یہاں تک کہ جب یاجوج ماجوج کھول دیے جائیں گے اور ہر بلندی سے وہ نکل پڑیں گے اور وعدۂ برحق کے پورا ہونے کا وقت قریب آنے لگے گا تو ان کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ جائیں گی، جنہوں نے کفر کیا تھا کہیں گے ہائے ہماری کم بختی ہم اس چیز کی طرف سے غفلت میں پڑے ہوئے تھے بلکہ ہم خطاکار تھے۔‘‘ (سورہ الانبیاء آیات 95 تا 97) یاجوج ماجوج کب کھولے جائیں گے۔ اس بارے میں علماء کرام کی متفقہ رائے یہ ہے کہ وہ قرب قیامت کا وقت ہو گا تو وہ اسے یعنی دیوار کو ریزہ ریزہ کر کے زمین کے برابر کر دے گا۔ ایک حدیث مبارکہ میں آیا ہے کہ وہ ’’ہر روز اس دیوار کو کھودتے ہیں اور پھر کل کے لیے چھوڑ دیتے ہیں لیکن جب اللہ کی مشیت ان کے خروج کی ہو گی تو پھر وہ کہیں گے کل ان شاء اللہ اس کو کھودیں گے اور پھر دوسرے دن وہ اس سے نکلنے میں کام یاب ہو جائیں گے۔ یہ آسمانوں کی جانب تیر پھینکیں گے جو خون آلود پلٹیں گے۔ بالآخر اللہ تعالیٰ ان کی گُدیوں پر ایسا کیڑا پیدا فرما دیں گے جس سے ان کی ہلاکت واقع ہو جائے گی۔‘‘ (مسند احمد، جامع ترمذی)

نواس بن سمعانؓ کی روایت میں یہ صراحت موجود ہے کہ ’’یاجوج ماجوج کا ظہور حضرت عیسٰی ؑ کے نزول کے بعد ان کی موجودگی میں ہو گا۔‘‘ (صحیح مسلم باب الفتن ذکر دجال) یہ قوم حضرت ابراہیم ؑسے قبل اور طوفان نوح کے بعد کی ہے جو ابتدا ہی سے خالق کائنات کی باغی اور سرکش ہے، فتنہ و فساد سے اسے ازحد    دلچسپی اور قتل و غارت گری کی یہ دل دادہ بھی ان کے انہی جرائم کی بنا پر اغلب گمان یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ذوالقرنین کے ذریعے انہیں پہاڑوں کے پیچھے دھکیلا جہاں یہ محبوس ہو کر رہ گئے۔ یہاں اس مقام پر ان کی زبان تک کوئی سمجھنے والا تھا اور نہ ہی یہ کسی اور کی زبان بول سکتے تھے اور نہ سمجھ سکتے تھے لہٰذا اقوام دیگر کی تہذیب و معاشرت اپنانے میں یہ قطعی طور پر معذور رہے۔

عبد القادر شیخ 

Post a Comment

0 Comments