آج سلطان نورالدین زنگی ؒکا نہایت اہم واقعہ اور رسول اللہﷺ کے معجزے کے بارے میں کچھ حالات آپ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں۔ یہ ایمان افروز واقعہ ہے۔ موصل کے حکمراں امیر عماد الدین زنگی کو رات خیمے میں سوتے ہوئے اس کے دو غلاموں نے قتل کر دیا بالکل اسی طرح جس طرح گھگھڑوں نے دمیک کے مقام پر سلطان شہاب الدین محمد غوری کو عشاء کی نماز کے دوران ہلاک کر دیا تھا۔ (میں نے دمیک کے مقام پر ان کی قبر پر بہت خوبصورت مقبرہ اور باغیچہ بنوا کر اس مجاہد اسلام اور بانیٔ اسلامی مملکتِ ہند کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خراج تحسین بیش کیا تھا۔ آج بھی ہزاروں لوگ اس مزار کی زیارت کو جاتے ہیں اور فاتحہ پڑھ کر سلطان کی مغفرت کی دعا مانگتے ہیں۔ اگر سلطان نے دہلی میں اپنے نائب قطب الدین ایبک کو حکمران مقرر نہ کیا ہوتا تو شاید ہندوستان میں اسلامی حکومت قائم نہ ہوتی).
ایک رات سلطان نورالدین زنگی عشاء کی نماز پڑھ کر سوئے کہ اچانک اٹھ بیٹھے اور نم آنکھوں سے فرمایا میرے ہوتے ہوئے میرے آقا دو عالمﷺ کو کون ستا رہا ہے۔ آپ اس خواب کے بارے میں سوچ رہے تھے جو مسلسل تین دن سے انہیں آ رہا تھا اور آج پھر چند لمحوں پہلے انہیں آیا جس میں سرکارِ دو عالمؐ نے دو افراد کی طرف اشارہ کر کے فرمایا کہ یہ مجھے ستا رہے ہیں۔ اب سلطان کو قرار کہاں تھا۔ انہوں نے چند ساتھی اور سپاہی لے کر دمشق سے مدینہ کا ارادہ فرمایا۔ اس وقت دمشق سے مدینہ کا راستہ بیس بچیس دنوں کا تھا مگر آپ نے بغیر آرام کئے یہ راستہ 16 دن میں طے کیا۔ مدینہ پہنچ کر آپ نے مدینہ آنے اور جانے کے تمام راستے بند کروا دئیے اور تمام خاص و عام کو اپنے ساتھ کھانے پر بلایا۔ اب لوگ آرہے تھے، جا رہے تھے، آپ ہر چہرہ دیکھتے مگر آپ کو وہ چہرے نظر نہ آئے اب سلطان کو فکر لاحق ہوئی اور آپ نے مدینے کے حاکم سے فرمایا کہ کیا کوئی ایسا ہے جو اس دعوت میں شریک نہیں؟
جواب ملا کہ مدینہ کے رہنے والوں میں سے تو کوئی نہیں مگر دو مغربی زائرین ہیں جو روضہ رسولﷺ کے قریب ایک مکان میں رہتے ہیں، تمام دن عبادت کرتے ہیں اور شام کو جنت البقیع میں لوگوں کو پانی پلاتے ہیں جو عرصۂ دراز سے مدینہ میں مقیم ہیں۔ سلطان نے ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کی، دونوں زائر بظاہر بہت عبادت گزار لگتے تھے۔ ان کے گھر میں تھا ہی کیا ایک چٹائی اور دو چار ضرورت کی اشیا کہ ایک دم سلطان کو نیچے کا فرش لرزتا محسوس ہوا، آپ نے چٹائی ہٹا کے دیکھا تو وہاں ایک سرنگ تھی۔ آپ نے اپنے سپاہی کو سرنگ میں اترنے کا حکم دیا وہ سرنگ میں داخل ہوئے اور واپس آکر بتایا کہ یہ سرنگ نبی پاکﷺ کی قبر مبارک کی طرف جاتی ہے۔
یہ سن کر سلطان کے چہرے پر غیظ و غضب کی کیفیت طاری ہو گئی۔ آپ نے دونوں زائرین سے پوچھا کہ سچ بتائو کہ تم کون ہو؟ حیل و حجت کے بعد انہوں نے بتایا کہ وہ یہودی ہیں اور اپنی قوم کی طرف سے تمہارے پیغمبر کے جسدِ اقدس کو چوری کرنے پر مامور کئے گئے ہیں۔ سلطان یہ سن کر رونے لگے، اسی وقت ان دونوں کی گردنیں اڑا دی گئیں۔ سلطان روتے جاتے اور فرماتے جاتے کہ میرا نصیب کہ پوری دنیا میں سے اس خدمت کے لئے اس غلام کو چنا گیا۔ اس ناپاک سازش کے بعد ضروری تھا کہ ایسی تمام سازشوں کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کیا جائے۔
سلطان نے معمار بلائے اور قبر اقدس کے چاروں طرف خندق کھودنے کا حکم دیا یہاں تک کہ پانی نکل آیا۔ سلطان کے حکم سے اس خندق میں پگھلا ہوا سیسہ بھر دیا گیا۔ بعض کے نزدیک سلطان کو سرنگ میں داخل ہو کر قبر انور پر حاضر ہو کر قدمین شریفین کو چومنے کی سعادت بھی نصیب ہوئی تھی۔ یہ عرض کرتا چلوں کہ سلطان نورالدین ابو القاسم محمود ابن عماد الدین زنگی (پیدائش فروری 1118، وفات 15مئی 1174) کا تعلق ترک قبیلہ اُغذ سے تھا، آپ کے والد عماد الدین زنگی موصل کے حکمراں تھے۔ ان کے انتقال کے بعد فوج اور اُمراء نے ان کے بیٹے نور الدین زنگی کو امیر چن لیا تھا اور یہ قبیلہ شام میں سلجوق سلطنت کے صوبےکا حکمراں تھا۔ انہوں نے عیسائیوں کے خلاف کئی جنگیں لڑیں اور ان کو عبرتناک شکست دی تھیں۔
0 Comments