سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر مسجد قبا 24 گھنٹے کے لئے کھول دی گئی ہے۔ آل الشیخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ خادم حرمین شریفین تمام مساجد خصوصاً حرمین شریفین اور اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد (مسجد قبا) سے غیر معمولی تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے زائرین کو سہولت فراہم کرنا اپنی اولین ترجیحات میں رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اسی جذبے کے تحت ہدایت جاری کی تھی کہ مسجد قبا زائرین کے لئے 24 گھنٹے کھولی جائے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو اور وہ جب بھی چاہیں مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی طرح مسجد قبا کی بھی زیارت کر سکیں۔ آل الشیخ نے مزید بتایا کہ وزارت نے تمام سہولتیں فراہم کردی ہیں تاہم 24 گھنٹے سیکورٹی انتظامات مہیا ہیں۔ تمام اداروں کے اہلکار بھی خدمت پر مامور کر دیئے گئے ہیں۔
0 Comments