سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مملکت میں تمام سفارت خانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو حرمین شریفین کی حدود میں تصویر کشی سے باز رکھیں۔ اس ضمن میں وزارت خارجہ نے سعودی وزارت حج وعمرہ کی طرف سے جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت آنے والے معتمرین اور عازمین حج کو اس بات سے آگاہ کر دیا جائے کہ وہ حرمین میں اپنے موبائل یا کیمروں سے سیلفیاں اور تصاویر نہ بنائیں۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انڈونیشی اخبار نے اس حوالے سے خبر شائع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈونیشی وزارت مذہبی امور کی جانب سے تمام عمرہ ٹور آپریٹرز کو سرکلر جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے زیر انتظام آنے والے معتمرین و عازمین کو اس بارے میں آگاہ کر دیں کہ کسی بھی صورت میں حرمین میں تصویر کشی نہ کی جائے۔
درایں اثناء مقامی ذرائع کے مطابق وزارت حج کی جانب سے جاری کئے گئے سرکلر میں اس امر کی نشاندہی کی گئی ہے کہ مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین اور حجاج حرمین شریفین میں اپنا زیادہ وقت تصویر کشی میں ضائع کرتے ہیں جس سے ان کی اور دوسروں کی عبادت میں خلل پڑتا ہے۔
یہ لوگ حرمین شریفین میں تصویریں بنا کر انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیتے ہیں۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے معتمرین اور حجاج کرام جو اپنے موبائل فون، کیمرے یا وڈیو کیمروں کے ذریعے حرمین شریفین کے اندر یا باہر تصاویر بنائیں گے ان کے کیمرے اور موبائل ضبط بھی کئے جا سکتے ہیں۔ اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ کوئی معتمر یا حاجی حرمین شریفین میں تصویر کشی نہ کر سکے۔
Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.
Visit their website at: https://dusp.org/
0 Comments