نبی کریم ﷺکی پانچ پسندیدہ غذائیں

Islam

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

نبی کریم ﷺکی پانچ پسندیدہ غذائیں

نبی کریمﷺکوسب سے زیادہ شہد پسند تھا۔ آپؐ نے فرمایا دو چیزوں سے صحت حاصل کرو ایک شہد دوسری قرآن مجید۔ کیونکہ شہد جسم کے مضر اثرات ختم کرکے صحت یاب کرتا ہے،جبکہ قرآن مجید ہمیں روحانی بیماریوں سے شفایاب کرتا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا جو شخص ہر مہینے تین دن شہد پئے اسے کوئی بڑی تکلیف نہ ہوگی۔ جدید تحقیق کے مطابق یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ شہد بہت سی بیماریوں کی کامیاب دواہے۔ مثلاً جسم اور خاص طورپر پھیپھڑوں کے لئے قوت بخش ہے۔ دل کے لئے فرحت بخش ہے کھانسی، دمہ، فالج، لقوہ اورسردی سے لاحق ہونے والے امراض میں مفید ہونے کے علاوہ خون صاف کرنے میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ غذائوں میں ایک دوسری غذا کھجور ہے۔غذائیت کے اعتبار سے یہ ایک مقوی اوربہترین غذا ہے۔ چند ہی ایسی چیزیں ہوں گی جو جسم کو قوت فراہم کرنے میں کھجور کے ہم پلہ ہوں ۔ کھجورجسم کو طاقت دینے کے ساتھ ساتھ دل اور معدے کو بھی طاقت دیتی ہے۔ جن لوگوں میں آیوڈین کی کمی ہو انہیں خاص طور پر کھجور استعمال کرنی چاہیے۔ کھجور کمزور جسم کو فربہ بناتی ہے۔ جن کا وزن کم ہو یا جنہیں سردی زیادہ لگتی ہو انہیں چاہیے کہ وہ کھجور کا استعمال باقاعدہ کریں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دودھ بھی بہت پسند تھا۔ آپؐ نے اکثر بکری دودھ کا استعمال فرمایا اوربعض اوقات گائے کا دودھ بھی استعمال فرمایا۔ آپؐ نے فرمایا تم گائے کا دودھ استعمال کرو کیونکہ اس میں شفاء ہے اس کے گھی میں دوا کی تاثیر ہے لیکن اس کے گوشت میں بیماری ہے۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن علاقوں میں دودھ اور اس سے تیار کی ہوئی چیزیں استعمال ہوئی ہیں۔ وہاں کے لوگ ذہین محنتی اورصحت مند ہوتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی ایک اور پسندیدہ غذا ثرید ہے۔ ثرید اس کھانے کو کہتے ہیں جو شوربہ یا پتلی دال میں روٹی بھگوکر تیارکیا جاتا ہے۔ یہ نرم اور جلدی ہضم ہونے والا کھانا ہے۔ ثرید کی ایک اور قسم بھی ہے جو میٹھی ہوتی ہے اس کوحلوہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ستو، کھجور،دودھ اور گھی ملا کربنایا جاتا ہے۔ دونوں قسم کا ثرید آپ ؐ کو پسند تھا۔ آپؐ کو تمام سبزیوں میں سے کدو زیادہ پسند تھا۔ ایک روایت میں ہے کہ آپؐ کدوکے شوربے میں دوانگلیوں سے کدو کے ٹکڑے تلاش کرتے تھے۔

طبی تحقیقات کے مطابق کدو بلڈپریشر اور خون کی گرمی دور کرنے میں نہایت مفید ہے۔ کدو پیاس کوتسکین دیتا ہے۔ جگرکی گرمی اور صفراوی بے چینی دورکرتا ہے۔ کدو کا پانی پرانی بلغمی کھانسی اور دمہ کے مریضوں کو پلانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ قارئین کے لئے ایک مجرب نسخہ پیش خدمت ہے۔ سردیوں میں ہاتھ اور پائوں پھٹتے ہیں بعض اوقات مرض اتنی شدت اختیارکرتا ہے کہ ہاتھ اور پائوں کے زخموں سے خون رسنے لگتا ہے۔عرق کدو کے چند قطرے صبح شام متاثرہ حصوں پر باقاعدہ لگانے سے کچھ ہی عرصے میں مریض مکمل شفاء یاب ہوجاتا ہے۔

حافظ عصمت اللہ بندیشہ

 

Post a Comment

0 Comments