مسجد نبوی کے امام اور خطیب الشیخ علی الخذیفی نے کہا ہے کہ خطبہ جمعہ کے دوران نمازیوں کی موبائل کیمروں سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے عمل سے نماز باطل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے جمعہ کی نماز سے قبل خطبہ روک کر نمازیوں کو خبردار کیا کہ وہ ایسے کام میں مشغول نہ ہوں جس کا تعلق عبادت یا نماز سے نہیں ہے ورنہ ان کی نماز باطل ہو جائے گی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مسجد نبوی کے امام اور بزرگ عالم دین نے یہ بات اس وقت کہی جب مسجد میں ان کے سامنے بیٹھے دسیوں افراد اپنے موبائل کیمروں سے تصویریں اور ویڈیوز بنا رہے تھے۔
اپنے پہلے خطبے کے دوران انہوں نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "اے تصویریں اتارنے والو! اپنے اس [غیر شرعی] عمل سے دوسرے لوگوں کی نماز میں خلل نہ ڈالو۔ خطبہ کے دوران جو شخص اس قسم کے مشاغل میں مصروف ہو گا اس کی نماز باطل تصور ہو گی۔ جس طرح اسلامی شریعت خطبہ کے دوران تمام حاضرین کو خاموش رہنے کی تلقین کی گئی ہے اسی طرح ہر اس کام سے منع کیا گیا ہے جس سے نماز یا خطبے میں خلل پیدا ہو"۔
بعد ازاں مسجد نبوی کی نگراں کمیٹی کے ترجمان الشیخ احمد المنصوری نےالعربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے زائرین اور نمازیوں کو سختی سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ دوران خطبہ اور نماز کسی قسم کی تصویر یا ویڈیو نہیں بنائیں گے۔ دوران نماز تمام نمازی حضرات اپنے موبائل فون بند رکھیں گے تاکہ دوسروں کی نماز متاثر نہ ہو۔ اس سلسلے میں مقامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن چینل پر بھی شہریوں کو بار بار ہدایات دی جاتی رہتی ہیں، اس کے باوجود کچھ لوگ دوران خطبہ غیر ضروری مشاغل میں مصروف رہتے ہیں۔
Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/
0 Comments