ایک پاکستانی نوجوان نے اپنی والدہ کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر حج کرا کے خدمت والدین کی روشن مثال قائم کی ہے۔ امین نامی پاکستانی شہری چند سال پہلے سعودی عرب منتقل ہوا جہاں اس نے اپنی والدہ کو حج کرانے کیلیے رقم جمع کی اور اپنا وعدہ پورا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق امین نے اپنی بوڑھی والدہ کو سخت دھوپ میں اپنے کندھوں پر اٹھا رکھا تھا تاکہ انہیں ٹرین سٹیشن تک لے جاسکے۔ دوسرے حجاج کرام بھی امین کے اس انداز خدمت کی تحسین کرتے رہے۔ جبکہ کہ وہ اپنی والدہ کو گرمی سے بچانے کیلیے بے پناہ ہجوم میں سے تیزی کے ساتھ اپنا راستہ بناتے ہو آگے بڑھتا رہا ۔
اس دوران مقامی میڈیا سے وابستہ رپورٹرز نے امین سے بات کرنا چاہی تو بھی اس نے ریسپانس نہیں کیا اور اپنی والدہ کو دھوپ سے بچا کر جلد سے جلد ٹرین سٹیشن تک لے جانے کی کوشش میں رہا۔ تاہم اس خد مت میں مگن پاکستانی سے بات کرنے کیلیے میڈیا کے لوگ اس کے پیچھے بھاگتے رہے۔ امین نے اپنی والدہ کو سائے میں پہنچا کر دم لیا اور میڈیا والوں کی بات سنی۔
امین کا کہنا تھا '' میرے والد نے مجھے بتایا تھا جب میں پیدا ہوا تو میری والدہ اس قدر بیمار ہو گئیں کہ والدہ کی زندگی سخت خطرے میں تھی، اس لیے میری ہمیشہ سے خواہش تھی کہ میں حج کے دوران اپنی والدہ کی خدمت کروں۔''
امین کا مزید کہنا تھا '' مجھے یہ بھی علم ہے کہ میں کبھی بھی اپنی والدہ کے ان احسانات کا بدلہ نہیں چکا سکتا جو انہوں میری پرورش کے دوران مجھ پر کیے ہیں، اس لیے مجھے اپنی والدہ کی حج کے دوران خدمت کا موقع ملا ہے تو یہ میرے لیے ایک غنیمت ہے ، میں آپ لوگوں سے بات کرنے کیلیے رک کر اپنی والدہ کو گرمی میں نہیں رکھنا چاہتا تھا۔''
0 Comments