Hadith : خطا کاروں میں بہتر وہ لوگ ہیں جو توبہ شعار ہیں۔

Islam

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Ads by Muslim Ad Network

Hadith : خطا کاروں میں بہتر وہ لوگ ہیں جو توبہ شعار ہیں۔

 
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ہر ابنِ آدم خطا کار ہے، اور خطا کاروں میں بہتر وہ لوگ ہیں جو توبہ شعار ہیں۔‘‘(ترمذی، ابن ماجہ، دارمی)
’’ہر ابن آدم خطاکار ہے‘‘۔ یعنی انسان میں فطرتاً ایسی کمزوریاں موجود ہیں کہ اُس سے اللہ کی نافرمانی کا صدور ہوسکتا ہے، اور اگر اللہ کی خاص نگرانی شاملِ حال نہ ہو تو انسان کے دامن کا اس گندگی سے بالکل پاک رہنا سخت مشکل ہے۔ اس ارشاد سے دو باتوں کی طرف متوجہ کرنا مقصود ہے۔ ایک تو یہ کوئی انسان اپنی حالت پر مطمئن اور اپنے احتساب سے غافل نہ ہو۔ اُسے یہ حقیقت بخوبی یاد رہے کہ اُس سے ہر آن غلطی ہوسکتی ہے، اور اگر وہ چوکنا اور ہوشیار نہ رہے تو نفس کی کمزوری اور شیطان کی وسوسہ اندازی سے اللہ کی نافرمانی میں مبتلا ہوجانے کا ہر دم اندیشہ ہے۔ دوسری بات جو ذہن نشین کرانی ہے وہ یہ ہے کہ انسان سے اگر غلطی ہوجائے تو وہ اپنے آپ سے مایوس نہ ہوجائے اور اپنی اصلاح سے دل برداشتہ ہوکر جی چھوڑ نہ بیٹھے۔ اس ارشاد میں گناہ گاروں کے لیے تعلّی کا پیغام ہے، ان سے کہا جارہا ہے کہ اگر تم سے اللہ کی نافرمانی ہوگئی تو تمہیں اپنے سے م...
ایوس نہ ہونا چاہیے، غلطی انسان ہی سے ہوتی ہے اور انسان سے غلطی ہو ہی جاتی ہے۔ اس لیے اپنے آپ سے ناامید ہونے کی کوئی وجہ نہیں۔ غلطی کا تدارک کرو اور اپنی شخصیت اور اپنے مستقبل سے پوری طرح پُرامید رہو۔
’’خطاکاروں میں بہتر وہ لوگ ہیں جو توبہ شعار ہیں۔‘‘ یعنی انسان کا معیارِ مطلوب یہ نہیں ہے کہ اس سے گناہ سرزد ہی نہ ہو۔ انسان سے تو کوئی نہ کوئی لغزش ہو ہی جاتی ہے، بہترین اور معیاری انسان وہ ہے کہ جب بھی اس سے غلطی ہوجائے وہ فوراً اللہ کی طرف رجوع کرے اور اپنے گناہوں سے توبہ کرے، ہر لغزش اُس کے لیے ایک تازیانہ ثابت ہو، وہ اپنی کمزوریوں پر مطلع ہوکر اُن کے ازالہ کی طرف شدت سے متوجہ ہو، جب بھی اس کے ہاتھ سے اللہ کی رسّی چھوٹ جائے، وہ لپک کر پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ اسے تھام لے، جب بھی اللہ کی ناخوشی کا کوئی کام اُس سے ہوجائے، وہ رو رو کر اور گڑگڑا کر اپنے آقا کو خوش کرنے اور پہلے سے زیادہ اس کی خوشنودی کے کاموں میں لگ جائے۔ بالفاظِ دیگر توبہ کرنا اس کی مستقل صفت ہو، ایسے ہی انسان اللہ کو محبوب ہیں اور ایسے ہی لوگ نوعِ انسانی کا بہترین عنصر ہیں!
بہترین انسان وہ ہیں جو اپنی کمزوریوں کی طرف سے بے فکر ہونے کے بجائے اُن سے اپنے آپ کو زیادہ سے زیادہ پاک کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں، اور جب بھی ان سے کوئی چھوٹی یا بڑی غلطی ہوجاتی ہے، وہ توبہ کے ذریعہ اُس کا تدارک کرکے اپنے مالک سے اپنے تعلق کو اور زیادہ استوار کرلیتے ہیں۔
  

 

Enhanced by Zemanta
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

Post a Comment

0 Comments