فرمایا رسول اللہؐ نے: اللہ نے میرےآگے زمین سمیٹ دی تب مجھے اسکے سب مشرق و مغرب نظر آگئے۔ اور بیشک میری امت کی بادشاہت وہاں وہاں تک جانے والی ہے جہاں تک زمین سمیٹ کر (مجھے دکھایا گیا)۔ مجھے سرخ و سفید ہردو خزانے بخشے گئے۔ میں رب سے درخواست گو ہوا کہ وہ میری امت کو قحطِ عام سے تباہ نہ کرے، اور میری امت کو کسی بیرونی دشمن کے قابو میں نہ دے جو اسکا بیج مار دے۔ میرے رب نے فرمایا: اے محمد، بیشک جب میں فیصلہ کردوں تو وہ واپس نہیں ہوتا، میں انکو قحطِ عام سے تباہ نہ کروں گا، اور میں انکو کسی باہر کے دشمن کے قابو میں نہ دوں گا جو انکا بیج مار دے، چاہے دشمن زمین کے کونے کونے سے اکٹھے ہوکر کیوں نہ آلیں۔ یہاں تک کہ یہ خود ہی ایک دوسرے کو ہلاک کرنے اور ایک دوسرے کو غلام بنانے لگیں گے۔ ہاں مجھے اصل ڈر اپنی امت کے معاملے میں گمراہ کرنے والے ائمہ سے ہے۔ اور جب ایک بار میری امت میں تلوار نکل آئی پھر وہ قیامت تک نہ اٹھائی جائیگی۔ اور قیامت نہ آئیگی جب تک میری امت کے کچھ قبائل مشرکین کے ساتھ نہ جاملیں اور جب تک میری امت کے کچھ قبائل بت نہ پوجنے لگیں۔ اور میری امت میں تیس جھوٹے ہوں گے جن میں سے ہر ایک نبی ہونے کا دعویٰ کریگا، جبکہ میں خاتم النبیین ہوں، میرے بعد کوئی نبی نہیں۔ اور ایک گروہ میری امت میں ہمیشہ حق پر رہیگا، چھایا رہیگا، مخالفین اسکا کچھ نہ بگاڑ پائیں گے، یہاں تک کہ خدا کا اذن (قیامت) آجائے۔
0 Comments