Hadith: Neki ka Irada
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ اللہ رب العزت نے فرمایا کہ جب میرا بندہ دل میں نیک کام کرنے کی نیت کرتا ہے تو میں اس کے لیے ایک نیکی لکھ لیتا ہوں، جب تک کہ اس نے وہ نیکی نہیں کی۔ پھر اگروہ نیکی کی تو اس کو میں اس کے لیے دس نیکیاں (ایک کے بدلے) لکھتا ہوں اور جب دل میں برائی کرنے کی نیت کرتا ہے تو میں اس سے در گزر کرتا ہوں جب تک کہ وہ برائی (پر عمل) نہ کرے اور پھر جب وہ برائی (پر عمل) کرے تو اس کے لیے ایک ہی برائی لکھتا ہوں۔‘‘
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ فرشتے کہتے ہیں کہ اے پروردگار! یہ تیرا بندہ ہے ، برائی کرنا چاہتا ہے، حالانکہ اللہ تعالیٰ ان سے زیادہ اپنے بندے کو دیکھ رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ دیکھتے رہو! اگر وہ برائی کرے تو ایک برائی ویسی ہی لکھ لو اور اگر نہ کرے (اور اس برائی کے ارادے سے باز رہے) تو اس کے لیے ایک نیکی لکھ لو کیونکہ اس نے میرے ڈر سے اس برائی کو چھوڑ دیا ۔‘‘
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ جب تم میں سے کسی کا اسلام بہتر ہوتا ہے (یعنی خالص اور سچا، نفاق سے خالی) تو پھر وہ جو نیکی کرتا ہے اس کے لیے ایک کے بدلے دس نیکیاں سات سو گنا تک لکھی جاتی ہیں اور جو برائی کرتا ہے تو اس کے لیے ایک ہی برائی لکھی جاتی ہے یہاں تک کہ وہ اللہ تعالیٰ سے مل جاتا ہے۔ ‘‘
(عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ ، مختصر صحیح مسلم )
0 Comments